سابق آسٹریلوی باﺅلر مچل جانسن نے کوہلی کے رویے کو ’توہین آمیز‘قرار دیدیا

سابق آسٹریلوی باﺅلر مچل جانسن نے کوہلی کے رویے کو ’توہین آمیز‘قرار دیدیا
کیپشن: تصویر بشکریہ فیس بک

پرتھ:آسٹریلیا کے سابق تیز گیند باز مچل جانسن نے پرتھ ٹیسٹ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے توہین آمیز قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے کئی ٹی وی چینلوں پر ماہر کے طورپر پیش ہونے والے جانسن نے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پرتھ ٹیسٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان ہاتھ ملا رہے تھے تب ویرات کا رویہ اور پین کے تئیں ان کے تاثر توہین آمیز تھے ۔

جانسن نے اپنے کالم میں لکھا کہ ’ویرات کوہلی کا رویہ ٹیم پین کے تئیں ٹھیک نہیں تھا،آسٹریلیائی کپتان سے انہوں نے صحیح طریقے سے ہاتھ نہیں ملایا اور اس دوران ان کی آنکھوں کی طرف دیکھا بھی نہیں۔میر ے لئے یہ کافی توہین آمیز ہے“۔

آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باﺅلر نے لکھا کہ ”ویرات کئی کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا کرتے ہیں کیونکہ وہ ویرات کوہلی ہیں اور زیادہ تر میچوں میں انہیں اہمیت دی جاتی ہے لیکن اس میچ میں وہ بیوقوف ثابت ہوئے۔“

خیال رہے کہ اس میچ میں بھارت کو آسٹریلیا نے اس میچ میں 146 رنز سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کی تھی۔اس میچ میں ویرات کوہلی اور آسٹریلوی کپتان ٹم پین کے درمیان کئی بار زبانی جنگ بھی ہوئی جس کی وجہ سے امپائر کو درمیان میں مداخلت کرکے کپتانوں کو خبردار کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی ویرات کوہلی کے رویے کو سب سے خراب بتاتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ ویرات کوہلی دنیا کے سب سے خراب برتاﺅ والے کرکٹر ہیں جو کافی مغرور ہیں۔

بالی ووڈ اداکارنے ویرات پر طنز کرتے ہوئے یہ بھی لکھا تھا کہ وہ ویرات کے خلاف اس طرح کا بیان دینے کے باوجود ملک چھوڑنے والے نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے پہلے کرکٹ کے ایک پرستار نے ویرات کے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ انہیں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بلے باز پسند ہے جس پر ویرات کوہلی نے اس پرستار کو ملک چھوڑنے کا مشورہ تک دے ڈالا تھا۔