کراچی: کراچی کی مقامی عدالت نے یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ یہ ضمانت ایک ایسے مقدمے میں دی گئی ہے جس میں رجب بٹ پر مبینہ طور پر شعائر اسلام کی بے حرمتی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
سیشن عدالت وسطی میں مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں ملزم رجب بٹ اپنے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے ساتھ پیش ہوئے۔ رجب بٹ نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اس کی ضمانت منظور کرلی۔
وکیل صفائی میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ان کے موکل کے خلاف کوئی بھی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں اور نہ ہی صوبائی یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی شکایت کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملزم رجب بٹ تفتیش میں مکمل تعاون کریں گے۔
عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔