ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے نوجوان رہنما عثمان ہادی کی نماز جنازہ مانک میاں ایونیو میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے باہر جنازے میں شریک افراد نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنی بے چینی کا اظہار کیا۔
عثمان ہادی کی نماز جنازہ میں عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس بھی شریک ہوئے۔ جنازہ کی تقریب میں ایمبولینس نے عثمان ہادی کا جسد خاکی لے کر پارلیمنٹ کے باہر پہنچایا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق، اس موقع پر شرکا نے بھارت کی مداخلت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ "بھارت کی مداخلت مزید برداشت نہیں کی جائے گی"۔
عثمان ہادی کی وفات بنگلہ دیش کی سیاست میں ایک بڑا نقصان ہے اور ان کی موت پر پوری قوم سوگوار ہے۔ جنازے میں شرکت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ان کی قربانیاں اور جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی خودمختاری کا دفاع کرے اور کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہ کرے۔