کوئٹہ:کوئٹہ اور چمن سمیت بلوچستان کے مختلف سرحدی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
بارش کے بعد کوژک ٹاپ، شیلاباغ، قلعہ عبداللہ، ژڑہ بند، توبہ اچکزئی اور خواجہ عمران رینج سمیت دیگر علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سبب بننے والا مغربی ہواؤں کا سسٹم اس وقت بلوچستان میں موجود ہے، جس کے باعث کوژک ٹاپ سمیت شمالی علاقوں کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔