امریکا نے ایران کی جانب سے ڈرون گرانے کی تصدیق کر دی

امریکا نے ایران کی جانب سے ڈرون گرانے کی تصدیق کر دی
کیپشن: امریکی ڈرون آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی حدود میں گرایا گیا ہے۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ایرانی میڈیا

تہران: ایران نے اپنی فضائی حدود میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے جس کی امریکا نے بھی تصدیق کی ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی ڈرون صوبہ ہرمزگان کے علاقے کوہ مبارک میں گرایا گیا جب کہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی حدود میں گرایا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے مطابق گرائے گئے امریکی ڈرون کا ماڈل آر کیو 4 گلوبل ہاک ہے۔

امریکی حکام نے بھی ڈرون گرانے کی تصدیق کی ہے لیکن دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی فضائی حدود میں ایرانی میزائل سے امریکی فوجی ڈرون گرایا گیا ہے۔

چند روز قبل خلیج عمان میں دو آئل ٹینکروں پر حملے کا ذمہ دار امریکا نے ایران کو ٹہرایا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی۔

امریکا نے خلیج عمان میں اپنے فوجی تعینات کر دیے ہیں جہاں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان بھی سامنے آیا ہے۔