Get Alerts

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: مرکزی ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ مزید بڑھا دیا گیا

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: مرکزی ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ مزید بڑھا دیا گیا

اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو 23 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

ملزم کو چار روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن ٹیم کی نمائندگی عدنان علی، راجہ نوید حسین اور مظہر بشیر نے کی۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے زیر استعمال گاڑی برآمد کی جا چکی ہے، تاہم موبائل فون کی برآمدگی باقی ہے جو تفتیش کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق ملزم جرم کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے تعاون نہیں کر رہا اور شواہد چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پراسیکیوشن نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو ملزم کو 23 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ تھانہ سمبل میں درج مقدمے کے مطابق، ملزم عمر حیات پر الزام ہے کہ اس نے گھریلو حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ مقدمے میں قتل، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ٹیگز: