اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس کی جانب سے سات روزہ ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی تاکہ ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی برآمد کی جا سکے۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ شناخت پریڈ مکمل ہو چکی ہے اور مقتولہ کی والدہ اور پھوپھو نے ملزم کو شناخت کر لیا ہے۔
ملزم نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ موبائل فون پہلے ہی پولیس کے حوالے کر چکا ہے، اور ساتھ ہی میڈیکل چیک اپ کی درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے فوری میڈیکل کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ملزم کو چار دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور آئندہ سماعت پر مزید پیش رفت رپورٹ طلب کی ہے۔