اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، ملتان: ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ کر 400 سے 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ٹماٹر خریدنا اب ان کے لیے آسان نہیں رہا۔
اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمت 500 سے 560 روپے فی کلو جبکہ فیصل آباد میں 580 روپے تک جا پہنچی ہے۔ ملتان میں بھی قیمت ساڑھے پانچ سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی کے بازار بھی اس مہنگائی سے مستثنیٰ نہیں رہے، جہاں صارفین مہنگے داموں ٹماٹر خریدنے پر مجبور ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ افغان سرحد کی بندش اور حالیہ سیلاب کے باعث ٹماٹر کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں ٹماٹر مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ "ٹماٹر منڈی سے ہی 400 روپے فی کلو مل رہا ہے، تو ہم کم قیمت پر فروخت کیسے کریں؟"
اگرچہ سرکاری ریٹ 170 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر کہیں بھی ٹماٹر اس نرخ پر دستیاب نہیں ہیں، جس سے حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ ٹماٹروں کی سپلائی بہتر بنانے اور سرکاری نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کے ماہانہ بجٹ کو بے قابو کر دیا ہے اور یہ صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے۔