Get Alerts

ٹرمپ کی جانب سے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے دعوے پر آیت اللہ خامنہ ای کا سخت ردعمل

ٹرمپ کی جانب سے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے دعوے پر آیت اللہ خامنہ ای کا سخت ردعمل

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مذاکرات کی بحالی کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے اور اس دعوے کی تردید کی ہے کہ امریکہ نے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ خامنہ ای نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، "امریکی صدر فخر سے کہتے ہیں کہ انہوں نے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کر دیا۔ بہت خوب، یہ ان کا خواب ہے۔"

انہوں نے مزید سوال کیا کہ کیا امریکہ کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ ایران کے پاس جوہری تنصیبات ہوں یا نہ ہوں؟

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا، "ٹرمپ خود کو ایک معاہدہ کرنے والا شخص کہتے ہیں، لیکن اگر معاہدہ دباؤ، دھمکیوں اور پہلے سے طے شدہ نتائج کے ساتھ کیا جائے تو وہ معاہدہ نہیں بلکہ جبر ہے جو مسلط کیا جاتا ہے۔"

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے پچھلے ہفتے اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ امریکہ کے لیے یہ اچھا ہوگا اگر وہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر بات چیت کر سکے۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات جون میں 12 روزہ جنگ کے دوران ختم ہوگئے تھے، جس کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے ایران کی کئی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

ٹیگز: