Get Alerts

پاک افغان سرحدآئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں کھلنے کا امکان

پاک افغان سرحدآئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں کھلنے کا امکان

اسلام آباد: پاک افغان سرحد کی بندش کے بعد دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت کے نتیجے میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں سرحد کھولنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے سرحد کھولنے پر اصولی اتفاق کیا ہے اور اگر کوئی نیا تنازع نہ ہوا تو جلد ہی سرحد کو کھول دیا جائے گا۔

چمن میں اسپین بولڈک میں پھنسے ہوئے خالی ٹرک پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں، جبکہ افغان شہریوں کو افغانستان لے جانے والے ٹرک بھی دوبارہ افغان سرزمین پر واپس جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، پاک افغان جنگ بندی معاہدے کے بعد، 9 روز سے بند طورخم بارڈر کھولنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ کسٹم اسٹاف کو فوری طور پر طورخم ٹرمینل پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اسکینر بھی وہاں پہنچا دیا گیا تاکہ کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کا عمل شروع ہو سکے۔

بلوچستان میں چمن، خیبر پختونخوا میں غلام خان اور انگوراڈا بارڈر آج نویں روز بھی بند ہیں۔ اس دوران تجارت اور پیدل آمدورفت معطل ہے، جس سے دونوں طرف پھنسی سیکڑوں گاڑیوں میں پھل اور سبزیاں خراب ہو رہی ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے فوری خاتمے پر متفق ہیں اور دونوں ملک دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں گے، ورنہ خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے دہشت گردی کا مسئلہ دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست جھڑپ تک پہنچ گیا تھا۔

دوسری جانب چین اور سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یہ قدم دونوں ملکوں میں کشیدگی کو کم کرے گا، جبکہ چین نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔

ٹیگز: