غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری ہے جہاں گذشتہ روز مزید 51 فلسطینی شہید ہو گئے۔ قطری خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی افواج نے غزہ سٹی اور آس پاس کے علاقوں میں بے گناہ فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔ ایک عارضی کیمپ پر حملے میں 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
شہر کے شمال مغربی حصے میں شدید گولہ باری اور ریموٹ کنٹرول حملے کیے گئے، جبکہ شمال مشرقی حصے میں رہائشی عمارتیں تباہ ہوئیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کے مغربی حصے میں واقع ایک اسکول کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے، اس حملے میں 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔
فلسطین کی سرکاری خبر ایجنسی وفا کے مطابق غزہ سٹی کے تفاح محلے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 افراد شہید ہوئے۔ ایک اور واقعے میں یعبد قصبے پر چھاپے کے دوران ایک 29 سالہ فلسطینی شخص کو زخمی کر دیا گیا، جسے فلسطینی ریڈ کریسنٹ نے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
اسی دوران الشفا میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ کے بھائی اور ان کی اہلیہ کو شَتی پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید کر دیا گیا۔ محمد ابو سلمیہ نے اپنے بھائی اور بہو کی شہادت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 65,208 فلسطینی شہید اور 166,271 زخمی ہو چکے ہیں۔ امدادی کاموں کے دوران 2,518 افراد شہید اور 18,449 زخمی ہوئے ہیں۔ بھوک کی وجہ سے غزہ میں 164 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 32 بچے شامل ہیں۔
پچھلے چند ماہ میں غزہ سٹی کی نصف آبادی، تقریباً 4.5 لاکھ افراد، بڑے پیمانے پر نقل مکانی کر چکے ہیں تاکہ جاری جنگی کارروائیوں سے بچ سکیں۔