اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے نیویارک روانہ ہوگئے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 21 سے 25 ستمبر تک وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں اور سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم کشمیر کے معاملے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔ وہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس سمیت دیگر وزارتی اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار فلسطین کے معاملے پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔ ان میں آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کا اجلاس اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کا وزارتی اجلاس شامل ہے۔
نائب وزیراعظم مصنوعی ذہانت کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی بریفنگ سے خطاب کریں گے، جبکہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور ردعمل سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اسحاق ڈار اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مختلف ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دیگر اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان سفارتی سرگرمیوں کے دوران پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے اپنی کوششوں کو اجاگر کرے گا جبکہ اہم علاقائی و بین الاقوامی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔