راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنا افغان طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے خودکش حملوں میں 80 فیصد بمبار افغان شہری ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق اگر افغان طالبان دوحہ معاہدے کے تحت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہتے ہیں تو پاکستان کو اپنے دفاع میں کارروائی کا مکمل حق حاصل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر مشروط، تاریخی اور اٹوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سمیت تمام اسٹریٹجک وعدوں اور دفاعی ذمہ داریوں کی پاسداری کر رہا ہے۔