لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کھوکھلے نعروں کے بجائے صرف عملی اقدامات اور عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کے دوران نواز شریف نے ملکی استحکام اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار پر تفصیلی گفتگو کی۔
قائد ن لیگ نے دعویٰ کیا کہ درست معاشی اور خارجہ پالیسیوں کی بدولت آج ایک بار پھر عالمی سطح پر سبز پاسپورٹ کی عزت ہو رہی ہے اور پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے امن کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے امن پہلی شرط ہے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت وفاق اور پنجاب ترقی کے میدان میں سب سے آگے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر رہی ہیں۔
نواز شریف نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں بھی ترقی کا وہی معیار لانا چاہتی ہے جو پنجاب میں متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کریں کیونکہ عوام اب صرف کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہیں۔میاں نواز شریف نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے اور مستقبل میں بھی ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف پاکستان کی معاشی خوشحالی ہے۔