ٹوکیو : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بین الاقوامی جاپانی کمپنی موریناگا انٹرنیشنل کو پنجاب میں ڈیری اور گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موریناگا کے جدید تجربات اور تحقیق و ترقی کے شعبے پنجاب کے ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک ماڈل ثابت ہو سکتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے موریناگا کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور کمپنی کی جانب سے بیکری مصنوعات، بچوں کی خوراک اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار کے منصوبے پیش کیے۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے جدید جاپانی مشینری اور صحت مند جانوروں کی افزائش نسل کے لیے پنجاب حکومت کی حمایت پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ڈیری مصنوعات کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور جاپانی کمپنیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موریناگا کی شراکت داری پنجاب کی 63 فیصد آبادی کو زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں فائدہ پہنچائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخوپورہ میں موریناگا کی سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی مثال ہے اور پنجاب میں ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے جدید تکنیکی اپگریڈیشن ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موریناگا کے بزنس ٹرنڈ کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فارمولہ دودھ بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے ضروری ہے اور ماں کی حیثیت سے بچوں کی نگہداشت ان کے لیے اہم ہے۔