Get Alerts

بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کے مستقبل سے جڑی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کے مستقبل سے جڑی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا اہم اور ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، صوبے کا امن، استحکام اور ترقی ملکی مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، امن و استحکام، معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ بلوچستان باصلاحیت، پُرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے، جبکہ پائیدار امن و استحکام صوبے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن و استحکام سے سرمایہ کاری کے فروغ اور بلوچستان کے وسائل کو عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ صوبے کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ملک کا متحرک طبقہ ہیں، انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل  نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرکے بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے ایسے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی صوبے کے عوام کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

ٹیگز: