پشاور: آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں شامل خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ نے قلعہ بالاحصار پشاور کا دورہ کیا اور یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران طلبہ کو قلعہ بالاحصار کی تاریخی اہمیت اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ طلبہ نے قلعے کے تاریخی میوزیم کا دورہ بھی کیا اور علاقے کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کی۔
طلبہ کو قیامِ امن اور خطے کی ترقی کے لیے فرنٹیئر کور کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ سے ملاقات کی، جنہوں نے ان کے سوالات کے جامع جوابات دیے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
طلبہ نے دورے کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔