عمران خان کے فیصلوں کے باعث عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا، مریم اورنگزیب

عمران خان کے فیصلوں کے باعث عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا، مریم اورنگزیب
کیپشن: عمران خان کے فیصلوں کے باعث عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا، مریم اورنگزیب
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سال میں 14 ارب قرض لیا اور اپوزیشن کے کیخلاف کردار ادا کرنے کے سوا حکومت نے کچھ نہیں کیا۔عمران خان کی دھمکیاں اور رویہ وزیراعظم والا نہیں اور سیاسی انتقام کی پاداش میں ملکی معشیت کا بیڑا غرق ہو گیا ہے کیونکہ ملک پر دونوں ہاتھوں سے ڈاکا ڈالا جا ر ہا ہے ۔ جب مافیاز حکومت چلائیں گے تو ملک سے مہنگائی اور بیروزگاری ختم نہیں ہو گی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن اس حکومت کے دور میں ہے اور سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کیلئے کرپشن کا بیانیہ دیا گیا، چینی سمیت ہر مد میں کرپشن ہوئی ہے اور ملک کی ترقی منفی میں چلی گئی ہے اور روپیہ کی قدر کم ہونے کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا بی آر ٹی پشاور، بلین ٹری کا احتساب ہوا، آٹا، چینی کی چوری کا حساب ہوا، کیا سسٹم میں ایک میگا واٹ بھلی بھی شامل کی گئی۔ ملک کی معیشت ٹھیک کرنے کے لئے کسی شہری کو کٹے، مرغیاں بکریاں ملیں بلکہ موجودہ حکومت میں عالمی سطح پر پاکستان کا مقام نیچے گیا۔

انہوں نے کہا فارن پالیسی ناکام ہوئی، کشمیر کا سودا ہوا کیا گیا اور پاکستان کے عوام کی جیبوں پر ڈاکا عمران کے فیصلوں سے ڈالا گیا، ملک میں ایک کروڑ ملازمتوں کی بجائے الٹا لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں اور ملک میں اڑھائی سال میں مفت علاج اور ادویات بند ہو گئیں جبکہ تعلیم کا بجٹ آدھا کر دیا گیا اور 122 ارب کا ڈاکا ایل این جی تاخیر سے منگوانے پر ڈالا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا صنعتوں اور گھروں کی گیس ، بجلی بہت مہنگی کر دی گئی اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدے میں سے ایک بھی گھر نہیں دیا گیا۔ عمران خان کا گھر بارہ لاکھ میں ریگولرائز کر دیا گیا اور عامر کیانی نے ہی بارہ لاکھ ادا کرنے ہیں جو ادویات میں کمائے کیونکہ آج عمران کا گھر ریگولرائز کرنے کا مطلب یہ ہے کہ پہلے یہ غیرقانونی تھا۔