Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ماریشس کے ہائی کمشنر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ماریشس کے ہائی کمشنر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای منسو کرمباکس سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مریم نواز شریف نے ماریشس کے ہائی کمشنر کا گرم جوشی سے خیرمقدم کیا اور ملاقات کے دوران بزنس ٹو بزنس روابط، تجارتی وفود اور نمائشوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ماریشس کے ساتھ تجارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، سیاحت، زراعت، اور عوامی تبادلوں کو بڑھانے پر بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماریشس کے ساتھ تعاون کو مختلف شعبوں میں بڑھانے کی ضرورت ہے، خصوصاً حلال فوڈ، ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں۔ انہوں نے بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا عہد کیا۔ مریم نواز نے ماریشس کے لئے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لئے پُرعزم ہونے کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں مریم نواز شریف نے ماریشس کی ٹیکنالوجی اور چینی کی صنعت میں تعاون کے لیے بھی اپنے ارادے کا اظہار کیا اور پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں ماریشس کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے منسو کرمباکس کو پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی اور منشیات کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر ماریشس ہائی کمشنر کو تعلیمی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان ثقافتی تعلقات مضبوط ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں، خاص طور پر زراعت، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز، اور لائٹ انجینئرنگ جیسے شعبوں میں۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، اور حالیہ برسوں میں پاکستان اور ماریشس کے درمیان دو طرفہ تجارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کلائمیٹ ریزیلنٹ ویژن ایکشن پلان کے تحت ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کے تحفظ، سبز نقل و حمل اور گرین توانائی کے منصوبوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ماریشس کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔

جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کرمباکس نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔

ٹیگز: