Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت، صنعت، زراعت اور خواتین کی قیادت میں ترقی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی گارمنٹس انڈسٹری، مائیکروفنانس اور ویمن ورک فورس کی کامیابیوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بنگلہ دیش کے ساتھ "ویمن فرسٹ" ایجنڈے کے تحت خواتین کی قیادت میں صنعتی کلسٹرز اور ڈیجیٹل اپ سکلنگ پروگرامز میں اشتراک کا خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں بھی پنجاب اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ جنوری 2025 میں پنجاب، بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کر چکا ہے، جبکہ فارما اور سرجیکل انڈسٹری میں بھی دونوں ملک عالمی معیار کی مشترکہ برانڈنگ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ڈھاکہ ایئرپورٹ پر پاکستانیوں کے لیے سکیورٹی کلیئرنس اور ویزا اقدامات میں نرمی کو اعتماد سازی کا مثبت قدم قرار دیا اور لاہور و ڈھاکہ میں پاکستان-بنگلہ دیش جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور ویژن 2030 "ویمن فرسٹ" سمٹ میں پنجاب کی شرکت کو صرف سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ مستقبل پر مبنی شراکت داری کی بنیاد قرار دیا۔

اس موقع پر بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری ترقیاتی کاموں اور فلاحی اقدامات کو سراہا۔

ٹیگز: