لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تعلیم، سرمایہ کاری، ماحولیات اور گورننس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران برطانیہ کے متوازن اور مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسے وقت میں برطانیہ کا رویہ قابلِ قدر رہا۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشن کی سبکدوش ہونے والی سیاسی مشیر زوئی ویئر کے اعزاز میں ایک ظہرانہ بھی دیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ نے ان کی سفارتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، محنت اور شراکت داری کے جذبے سے ادا کیں۔
مریم نواز نے کہا کہ زوئی ویئر کا ماحولیاتی منصوبے "ارتھ شاٹ پرائز" میں کردار بھی قابل ستائش ہے، اور وہ ہمیشہ پنجاب میں دوستوں کی طرح یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا سفارتی تجربہ پاک-برطانیہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ برٹش پاکستانیوں میں سے اکثریت کا تعلق پنجاب سے ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط اور پائیدار تعلقات کی عملی مثال ہے۔