Get Alerts

محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، بارڈر سکیورٹی اور انسانی اسمگلنگ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں اشتراک کار کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ترقی کے سفر میں ایک اہم شراکت دار ہے، اور پاکستان برطانیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو "نشانِ امتیاز" ملنے پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے اور دہشت گردی کی ہر شکل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور دیگر عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں مستقبل میں بھی دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ٹیگز: