Get Alerts

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان اور بھارت کا میچ منسوخ، شاہد آفریدی کا سخت ردعمل

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان اور بھارت کا میچ منسوخ، شاہد آفریدی کا سخت ردعمل

برمنگھم :  ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہونے والا میچ اچانک منسوخ ہو گیا جس پر پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنا شدید ردعمل دیا ہے۔

شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نے ہمیشہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد دی ہے اور سپورٹس ڈپلومیسی سب سے مؤثر ذریعہ ہے جو لوگوں کو قریب لاتی ہے۔

آفریدی نے زور دیا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت اور مل بیٹھ کر ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا، "جب تک ہم ساتھ نہیں بیٹھیں گے، بات نہیں کریں گے، مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید بڑھیں گے۔ اگر ہر معاملے میں سیاست شامل کریں گے تو پھر کوئی حل نہیں نکلے گا۔"

انہوں نے بتایا کہ وہ برمنگھم میں بھرپور پریکٹس کے بعد بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار تھے اور پوری ٹیم چاہتی تھی کہ یہ مقابلہ ہو۔ لیکن بھارت کی طرف سے ایک فرد کی مخالفت کی وجہ سے ٹیم مایوس ہو گئی۔ شاہد آفریدی نے کہا، "ایک خراب انڈے کی وجہ سے پوری ٹوکری خراب نہیں ہو سکتی۔"

انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ کھیل سب سے پہلے ہے اور کسی کو بھی کھیل کے ذریعے شرمندگی نہیں دینی چاہیے۔ اگر کسی کو مجھ سے مسئلہ تھا تو میں سٹیڈیم میں ہی نہیں آتا، لیکن میچ ہونا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ منسوخ ہونے کی خبریں اس وقت منظر عام پر آئیں جب بھارتی کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کی شرکت کی مخالفت کی۔ بھارتی میڈیا میں بھی اس میچ کے بارے میں سخت ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے منتظمین نے میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹیگز: