Get Alerts

 اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدلنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے:مریم نواز

 اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدلنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے:مریم نواز

مظفرآباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ مظفرآباد مہمان بن کر نہیں آئیں بلکہ یہاں کے لوگ اور وادیاں ان کے اپنے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی محبت، دعاؤں اور نیک خواہشات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بڑے منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی تختیاں موجود ہیں اور عوام نے موقع دیا تو خطے کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ وعدے کرنے نہیں بلکہ پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی لے کر عوام کے سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور کیے گئے وعدے پورے کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

مریم نواز نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمانے والے ان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل الزام تراشی نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط پاکستان کے ساتھ آزاد کشمیر بھی مضبوط ہوگا اور اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدلنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹیگز: