تل ابیب : اسرائیلی فوج نے ایران کے وسطی شہر اصفہان میں واقع نیوکلیئر ٹیکنالوجی سینٹر اور دیگر اہم تنصیبات پر بمباری کی ہے۔ حملے کے دوران پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر اور قدس فورس کے فلسطین کور کے سربراہ سعید ایزادی کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نیوز کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں اصفہان، لنجان، مبارکہ اور شہریزہ کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اصفہان کے نائب گورنر نے کہا کہ نیوکلیئر سائٹ کو بھی نقصان پہنچایا گیا، تاہم کوئی خطرناک مواد خارج نہیں ہوا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون کو کاشان میں مار گرایا گیا، جبکہ قُم میں اسرائیلی حملے میں ایک 16 سالہ نوجوان ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ سعید ایزادی کو قُم میں حملے میں ہلاک کیا گیا، تاہم ایران نے ابھی اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ سعید ایزادی نے حماس کی مالی اور عسکری معاونت فراہم کی۔