لاہور: ٹریفک حکام نے ای چالان کی وصولی کو مزید موثر بنانے کے لیے ایک نئی ایپ متعارف کروا دی ہے، جس کے ذریعے گاڑیوں کی بروقت اور مؤثر چیکنگ ممکن ہو گی۔نمائندہ نیو نیوز شاہد رضوی کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے وارڈنز گاڑی کی تصویر بنا کر اس کے تمام متعلقہ ڈیٹا اور ای چالانز فوری طور پر دیکھ سکیں گے۔ یہ ایپ وارڈنز کی موجودہ ایپ کے ساتھ منسلک کی جا رہی ہے، جس سے پہلے یہ سہولت صرف ایل ٹی وائرلیس سیٹ پر دستیاب تھی۔
ٹریفک حکام کے مطابق، اس سے قبل گاڑی روک کر نمبر، چیسیز نمبر اور شناختی کارڈ نمبر دستی طور پر ڈالنا پڑتا تھا، جبکہ اب تصویر لینے پر چیکنگ کا عمل تیز اور زیادہ موثر ہو جائے گا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ نئے نظام کے نفاذ سے ایک ماہ میں روزانہ ریکوری کی رقم 5 لاکھ سے بڑھ کر 50 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، اور 94 لاکھ روپے کے سرکاری ڈیفالٹرز میں سے 35 لاکھ روپے ایک ماہ میں وصول کیے جا چکے ہیں۔
مزید برآں، ای چالان کے ڈیفالٹرز پر دیگر اداروں کے ذریعے سرکاری خدمات روکنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں جبکہ 6 ارب روپے کے بقایا جات کی وصولی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔