فیصل آباد : وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے اور پڑوسی ملک پر نہ تو جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے اور نہ ہی اس کے کسی حصے پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے واضح اور دوحہ معاہدے کے اصولوں کے مطابق رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے، اور پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کا پورا حق رکھتا ہے، تاہم جارحیت ہمارا مقصد نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان کو اس وقت ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر خطے کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے کام کر رہا ہے اور ہماری سفارت کاری درست سمت میں گامزن ہے۔
میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ اس وقت عوامی مسائل کے حل اور معیشت کی بحالی پر مرکوز ہے، تاکہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی جا سکے۔