Get Alerts

چینی سفیر کی خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے مکمل تعاون کا اعلان

چینی سفیر کی خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے مکمل تعاون کا اعلان

چین: پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین انسداد دہشت گردی میں پاکستان سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

یہ بیان انہوں نے پاک چین دوستی کے 74 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کے دوران دیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات سات دہائیوں سے مضبوط اور برادرانہ ہیں، اور مشکل وقت میں چین ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔


چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے اور آج کا دن دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے دوران چین نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے اور 10 ہزار پاکستانیوں کو زراعت کے شعبے میں تربیت دی جا رہی ہے۔


دوسری جانب آج صبح خضدار کے زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس پر خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 بچے زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس سے اسکول بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔


حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ خودکش حملے کا نشانہ بننے والے زیادہ تر بچے اسکول جانے کے لیے بس میں سوار تھے۔

ٹیگز: