پشاور:خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پاک فوج کی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے زیر استعمال امریکی ہتھیار برآمد کیے گئے، جو پہلی بار منظرِ عام پر آئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ہتھیار امریکی فوج اور نیٹو کے انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف استعمال کے لیے خوارج کے حوالے کیا۔ برآمد شدہ ہتھیاروں پر واضح طور پر امریکی حکومت کی ملکیت درج ہے۔
برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں ایم 4، ایم 16 رائفلز، اسٹیل ہیڈ گولیاں، دھماکا خیز مواد، تاریں، نائٹ ویژن گاگلز اور دیگر جدید آلات شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ خوارج کو دور سے اور رات کے وقت بھی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت دیتا ہے، جبکہ اسٹیل ہیڈ گولیاں بلٹ پروف جیکٹس کو بھی چیر سکتی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ اسلحہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال ہو رہا تھا، اور پکڑے جانے والے ہتھیاروں کی مجموعی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
یہ کارروائیاں خوارج کے موجودہ خطرات کو بے نقاب کرتی ہیں اور پاک فوج کی موثر کارروائیوں کو ظاہر کرتی ہیں۔