راولپنڈی : راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جا رہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ دوسرے دن کے آغاز پر سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ پہلے روز کے اختتام پر پاکستان پانچ وکٹیں گنوا چکا تھا، اور قومی ٹیم 259 رنز کے مجموعے پر بیٹنگ کر رہی ہے۔
پہلے دن، پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن یہ آغاز زیادہ کامیاب نہ رہا، کیونکہ 35 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری۔ امام الحق صرف 17 رنز بنا کر آف اسپنر ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
امام الحق کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔ دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، لیکن عبداللہ شفیق 57 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے صرف 16 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کے ریویو کے بعد مہاراج کی گیند پر شاندار کیچ کا شکار ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 246 کے مجموعی سکور پر گری، جب محمد رضوان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں، کپتان شان مسعود بھی 87 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور سمن ہارمر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کگیسو ربادا نے ایک وکٹ لی۔
ٹاس کے دوران، پاکستان کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پچ تھوڑی خشک دکھائی دے رہی ہے، اور چونکہ یہاں کافی عرصے بعد کھیلنا ہو رہا ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے لاہور ٹیسٹ سے سیکھے گئے اسباق کا ذکر کیا اور کہا کہ اس میچ میں مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جس میں حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ آصف آفریدی نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر 39 سال اور 299 دن کی عمر میں کیپ حاصل کی۔ شاہین آفریدی نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی۔
پاکستان کی ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور آصف آفریدی شامل ہیں، جبکہ جنوبی افریقی ٹیم میں کپتان ایڈن مارکرم، ریان ریکلٹن، ٹرسٹن سٹبس، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرائن، سمن ہارمر، مارکو جینسن، میتھو سامی، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا پر مشتمل ہے۔