اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی ایم اے پی) کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے یہ فیصلہ قومی اسمبلی کے سیکرٹری آفس میں باضابطہ طور پر جمع کرائی گئی درخواست کے ذریعے کیا گیا۔
اپوزیشن کے 74 ارکان نے محمود خان اچکزئی کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا۔ درخواست جمع کرانے والوں میں اپوزیشن کے سینئر رہنما، چیف وہپ عامر ڈوگر، اسد قیصر اور دیگر نمایاں شخصیات شامل ہیں۔
تاہم، پی ٹی آئی کے تین ارکان، علی افضل ساہی، عمر فاروق اور صاحبزادہ محبوب سلطان نے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اس درخواست پر دستخط نہیں کیے۔
سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی نے درخواست موصول کر لی، اور ایڈوائزر آفس نے درخواست کو ڈائری نمبر دے کر مزید کارروائی کے لیے آگے بھیج دیا۔