لاہور : دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں 7 وکٹ سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، تاہم دو ایسے کھلاڑی جو گروپ میچز میں حصہ لے چکے تھے، آج کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز اور بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم کو پاکستانی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، یواے ای کے خلاف میچ میں فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل خوشدل شاہ کی ٹیم میں شامل ہونے کے امکانات بھی کم سمجھے جا رہے ہیں۔
پاکستان کے کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف میچ میں اسپن بولنگ کی بجائے فاسٹ بولنگ پر زور دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ بھارتی بیٹنگ لائن کو بہتر طریقے سے قابو کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق، بھارت کے خلاف پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد۔