راولپنڈی : خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے 7 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا جس میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ہلاک خوارجیوں میں 3 افغان شہری اور 2 خود کش بمبار شامل ہیں ، مارے گئے دہشت گرد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد تنظیم بھارت کی پشت پناہی سے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی تھی۔
ترجمان کے مطابق، آپریشن کے بعد علاقے میں مزید خطرات کے پیش نظر کلیئرنس اور سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر دہشت گردوں کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں، خصوصاً بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔