اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف سے پاکستان میں متعین ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن کے قیام اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف نے علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی قسم کے تصادم کا مخالف ہے اور امن کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں شخصیات نے خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی سفیر سے ملاقات کے فوراً بعد وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی میں توسیع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا اور درج ذیل اہم نکات پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنا فعال سفارتی کردار ادا کرے گا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کیا جائے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے سفارتی مشنز متعلقہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ خطے کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔