اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد میں جاری اور مستقبل میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے خطے میں امن و امان کے قیام اور پیچیدہ سفارتی معاملات کے حل کے لیے پاکستان کے "مضبوط سفارتی کردار" کو سراہا اور اسے خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر کو اسلام آباد میں مقیم تمام غیر ملکی مہمانوں اور سفارت کاروں کی حفاظت کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ایک جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان مرتب کیا جا چکا ہے۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ تناؤ کے تناظر میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں بڑے پیمانے پر سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان اس میں ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔