واشنگٹن/بیجنگ :ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مصالحتی کردار کا عالمی سطح پر زبردست اعتراف کیا جا رہا ہے۔ معتبر امریکی نشریاتی ادارے "سی بی ایس نیوز" نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران نے ایران اور امریکہ کے مابین پسِ پردہ جاری مذاکرات کو حتمی اور کامیاب نتیجے تک پہنچانے میں کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
رپورٹ میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ خطے کی موجودہ انتہائی مخدوش صورتحال میں، جہاں خلیجی ممالک اور لبنان جیسے اہم ترین فریقین براہِ راست جنگ کا حصہ بنے ہوئے ہیں، وہاں دنیا کی کوئی دوسری طاقت اس بحران کو حل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ اس کٹھن اور نازک ترین سفارتی ماحول میں صرف پاکستان ہی وہ واحد ملک ثابت ہوا ہے جو دونوں بڑی طاقتوں کے مابین امن کے مسودے کو حتمی شکل دینے میں کامیاب رہا ہے۔
عالمی تزویراتی مبصرین کے مطابق، امریکی میڈیا کی یہ رپورٹ بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کے اس بیان کی مکمل تصدیق کرتی ہے جس میں انہوں نے خطے میں مستقل امن کی بحالی اور ایرانی و امریکی قیادت کو قریب لانے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دوراندیش سفارت کاری کو سراہا تھا۔ اس تاریخی کامیابی نے عالمی برادری میں پاکستان کے تزویراتی اور امن پسند تشخص کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔