ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ
سورس: File

اسلام آباد: مون سون بارشوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے ایک بار پھر الرٹ جاری کردیا ۔ملک بھر  میں 23 اگست سے بارشوں میں اضافے کا امکان ہے۔مون سون بارشوں کا سلسلہ 27 اگست تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  کے مطابق  تمام اہم دریاؤں کے بالائی علاقوں میں 23 اگست سے بارشوں میں اضافے کا امکان ہے۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ 27 اگست تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔ 

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ 23 سے 27 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان، مری ،گلیات ،لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارشوں کا امکان ہے۔  بارشوں کے باعث 23 سے 26 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاوراور لاہور میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

 
اس کے علاوہ فیصل آباد ،  گجرات ،سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، قصور، شیخوپورہ ،چترال، میانوالی، جہلم،  گوجرانوالہ،خوشاب،اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  25 اور 26 اگست کو ڈی جی خان، راجن پور، ژوب، قلات اور خضدار میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کہ سیاح حضرات محتاط رہیں ،آندھی اورجھکڑ سے کمزور انفرا اسٹرکچرز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ گنڈا سنگھ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔  پی ڈی ایم اے کی مطابق  گنڈا سنگھ سے 1 لاکھ 29 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔ 

 دوسری جانب  ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔  سلیمانکی کے مقام سے 1 لاکھ 91 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ اسلام  کے مقام پر  بہاؤ  تا حال نارمل ہے جبکہ  پانی کی سطح میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 

دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے  جبکہ منگلا اور تربیلا ڈیم بھی 100 فیصد بھر چکے ہیں۔تاہم،   پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ انتظامیہ عوام کو ایمرجنسی صورت حال سے آگاہ کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

 عمران قریشی   نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا، ٹی وی اخبارات کے علاوہ مساجد میں اعلانا ت کے ذریعے بھی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے نے یدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ندی نالوں میں نہانے پر پابندی کو یقینی بنائے۔ 

مصنف کے بارے میں