اسلام آباد : پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کے تحت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے مارکو روبیو کے اس دورے کی تیاری شروع کر دی ہے، جو ممکنہ طور پر اکتوبر کے وسط یا آخر میں ہوگا۔ اس دورے میں دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشتگردی، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مشاورت متوقع ہے۔
یہ دورہ مارکو روبیو کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ستمبر 2018 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جو ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں ہوا تھا۔
گزشتہ ماہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی تھی، جس میں تجارتی، اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔