Get Alerts

انگلینڈ سے شکست، سلمان علی آغا نے ٹیم کی خامیوں کا اعتراف کرلیا

انگلینڈ سے شکست، سلمان علی آغا نے ٹیم کی خامیوں کا اعتراف کرلیا

لیڈز : پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس کھیل کے تقریباً تمام شعبوں میں حریف ٹیم سے پیچھے رہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ انگلینڈ نے پاکستان کو ہر شعبے میں دباؤ میں رکھا، جبکہ قومی ٹیم اپنی حکمت عملی کو میدان میں مؤثر انداز میں نافذ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

قائم مقام کپتان کے مطابق ٹیم میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، تاہم کھلاڑی اپنے پلان پر مستقل مزاجی سے عمل نہیں کر سکے۔ انہوں نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو بھی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے زیادہ وقت درکار تھا، کیونکہ دورے کا آغاز صرف ایک ہفتہ قبل ہوا تھا۔

سلمان علی آغا نے موجودہ صورتحال کو ٹیم کی ری بلڈنگ کا حصہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک نوجوان اور نسبتاً کم تجربہ رکھتا ہے، تاہم ٹیم مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو تیار کر رہی ہے۔

انہوں نے بیٹنگ کے شعبے میں اپنی، محمد رضوان اور سعود شکیل کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق تینوں سینئر کھلاڑی مطلوبہ رنز بنانے میں ناکام رہے ہیں اور یہ صورتحال ٹیم کے لیے یقیناً پریشان کن ہے۔

بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے سلمان علی آغا نے امید ظاہر کی کہ وہ اگلے میچ سے قبل مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے اور دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

قائم مقام کپتان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کو بیرونِ ملک سیریز میں اپنی کارکردگی کا معیار بہتر بنانا ہوگا، کیونکہ موجودہ نتائج ٹیم کی توقعات کے مطابق نہیں ہیں۔

ٹیگز: