ہمارا آغاز اچھا مگر ابھی بہت کام باقی ہے، جلد سکول کے بچوں کا پلان لا رہے ہیں : رمیز راجہ

ہمارا آغاز اچھا مگر ابھی بہت کام باقی ہے، جلد سکول کے بچوں کا پلان لا رہے ہیں : رمیز راجہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ جلد 100 سکول کے بچوں کا پلان لا رہے ہیں جنہیں ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، آئندہ سیزن میں دنیا کی بڑی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جب تک آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست نہیں دیں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ سکول کرکٹ ہماری بہت اچھی چل رہی ہے اور خدا کا شکر ہے کہ تمام چیزیں ٹھیک ہوئیں، نیت ٹھیک ہو تو تمام چیزیں ٹھیک ہوتی ہیں، عہدہ سنبھالتے ہی کئی چیلنجز کا سامنا رہا مگر ہم نے تمام چیزوں کو ایک طرف رکھ کر کرکٹ پر بات کی، ٹی 20 ورلڈکپ اور پھر غیر ملکی ٹیموں کا واپس جانا بڑے چیلنجز تھے لیکن چونکہ ہماری نیت صحیح ہے اس وجہ سے زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔ 
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میرا مقصد نوجوان لڑکوں کو کرکٹ میں لانا ہے اور اس مقصد کیلئے جلد 100 سکول کے بچوں کا پلان لا رہے ہیں جس کے تحت 100 بچوں کو تربیت دینے کیساتھ ساتھ 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا اور سکولوں کے ساتھ مل کر 100 بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں لیڈرشپ بہت اہمیت رکھتی ہے اور اوپر جانے کیلئے لیڈر بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، کوچز کا کام ٹیم کا ماحول بنانا اور ٹریننگ کروانا ہوتا ہے لیکن ٹیم نے اوپر جانا ہے تو لیڈر کو نڈر ہونا ہو گا، ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے کپتان کو ان کی مرضی کی ٹیم دی گئی اور ٹیم کو اعتماد دیا اور نتائج سب کے سامنے ہیں، ہماری کوششوں کا آغاز اچھا ہے لیکن ابھی بہت کام باقی ہے اور جب تک آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست نہیں دیتے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 

چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ جب تک پچز ٹھیک نہیں ہوں گی تب تک ہماری کرکٹ آگے نہیں جائے گی، اس سلسلے میں اب تک سب سے زیادہ میٹنگز کیوریٹرز اور گراؤنڈ سٹاف کیساتھ ہی کی ہیں، اور پچز کیلئے مٹی آسٹریلیا سے منگوانے کیساتھ ساتھ ڈراپ ان پچز  بھی لائیں گے جو جلد پاکستان آجائیں گی، اس کے علاوہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران استعمال ہونے والی ہائبرڈ پچ بھی لانے کا منصوبہ بنارہے ہیں، وکٹوں کی بہتری پر 37 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم واپس گئی اور انگلینڈ نے دورہ پاکستان سے انکار کیا تو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) میں آواز اٹھائی اور اجلاس میں یہ بات کی کہ کسی ایشین ملک کے ساتھ زیادتی ہو تو سب کو کھڑا ہونا چاہئے، ہم نے دنیا کے سامنے پاکستان کا موقف رکھا اور ہم کامیاب ہوئے، اور اب اگلے سیزن میں دنیا کی بہترین ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں۔ مجھے کرکٹ بورڈ میں آئے تین ماہ ہوئے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے 30 سال ہو گئے اور کرکٹ بورڈ میں آ کر چھٹی کی نعمت کا اندازہ ہوا۔ 
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں شائقین کی کمی محسوس ہوئی، شائقین کو سیکیورٹی کے تین، چار مراحل سے گزرنا پڑتا ہے جو ذرا مشکل ہو جاتا ہے تاہم اب شائقین کو سٹیڈیم میں لانے کیلئے ایک شعبہ بنا رہے ہیں جو انٹرنیشنل میچز کیلئے بھی اتنا ہی زور لگائے گا جتنا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کیلئے لگائے گا۔