سینیٹ الیکشن ، متنازعہ ویڈیو پر مزید ثبوت طلب

سینیٹ الیکشن ، متنازعہ ویڈیو پر مزید ثبوت طلب
سورس: File photo

اسلام آباد،سینیٹ انتخابات کیلئے مبینہ طور پر ووٹ کی خریدو فروخت سے متعلق وڈیو اسکینڈل میں الیکشن کمیشن نے ن لیگ سے مزید ثبوت مانگ لیے۔

ن لیگ کے مرتضیٰ جاوید عباسی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا   کہ ملنے والے اضافی شواہد پر فیصلہ کرینگے کہ درخواست پر نوٹس جاری کریں یا نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا الیکشن کمشن نے از خود نوٹس نہیں لیا، درخواست آپ نے دائر کی لیکن شواہد نہیں لگائے۔

اس حوالے سے ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ وڈیو از خود ایک ثبوت ہے، الیکشن کمیشن ڈی جی ایف آئی اے سے معاملے کی تحقیقات کرائے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو  بلاکر ویڈیو کی تحقیقات کراسکتے ہیں، ہم تو جرأت کرتے ہیں  لیکن آپ خود مصلحتوں کا شکار ہو جاتے ہیں،گزشتہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق عظمیٰ بخاری اورامیر مقام کو نوٹس بھی بھیجا لیکن انھوں نے الیکشن کمیشن آنا گوارہ نہیں کیا ۔