سی پیک پورے خطے کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا، اعزاز چوہدری

سی پیک پورے خطے کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا، اعزاز چوہدری

واشنگٹن: پوٹو میک ایکسچینج بزنس فورم نے پاکستانی سفیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جہاں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔ پاکستان میں امریکی سفیر اعزاز چوہدری نے ظہرانے میں موجود نمائندوں سے خطاب میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے اور دنیا بھر کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان کا معاشی سفر دیکھیں جو گزشتہ چند سال میں مستحکم ہو گئی جبکہ پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں۔ سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کیں اور دہشتگردی کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کر دیا گیا جس کے بعد امن و امان کی بہتر صورت حال کی وجہ سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

اعزاز چوہدری نے بتایا سی پیک پورے خطے کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا اور پاکستان مثبت معاشی حقیقت بن کر ابھر رہا ہے تاہم بدلتی معاشی صورتحال کیلئے علاقائی روابط ناگزیر ہیں۔

دوسری جانب صدر پوٹومیک ایکسچینج کیتھرین نے بھی پاکستان کی معاشی، سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بزنس کمیونٹی پاکستان کی معاشی صورتحال پر مطمئن ہے اور امریکی بزنس مین پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں