نیو یارک : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے کثیرالجہتی تعاون کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی اور کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے اصولوں کی پاسداری اور امن کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کی، جہاں بھارتی جارحیت اور پاکستان کے خلاف غلط معلومات پر مبنی مہمات پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح سیاسی فورم برائے پائیدار ترقی کا انعقاد ہوا، جس میں وزیر خارجہ نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ خوراک کا بحران اور موسمیاتی تبدیلی اہم چیلنجز ہیں، اور ‘اڑان پاکستان’ پروگرام ملکی ترقی کا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستحق اور نادار بچوں کے لیے دانش سکولز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم کے فروغ میں مدد مل سکے۔