Get Alerts

پاکستان اور یورپی یونین کا تعاون مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور یورپی یونین کا تعاون مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان اور یورپی یونین نے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس حوالے سے اتفاق رائے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ و یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ ملاقات منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

کایا کالاس نے حالیہ دورہ اسلام آباد کو یاد کیا جہاں انہوں نے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور میں شرکت کی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ خاص طور پر امریکا اور ایران کے معاملے کے تناظر میں امن و استحکام کے لیے مسلسل سفارت کاری ہی مؤثر اور پائیدار راستہ ہے۔

انہوں نے علاقائی صورتحال کے عالمی توانائی مارکیٹ، سمندری سیکیورٹی، تجارت اور سپلائی چینز پر اثرات پر بھی گفتگو کی اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور مسلسل مذاکرات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس فریم ورک سے متعلق تمام بین الاقوامی معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان تجارت اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
 
 
 

ٹیگز: