Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کا ٹیلیفونک رابطہ، امریکی حملوں کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کا ٹیلیفونک رابطہ، امریکی حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران ایران کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے حملوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ امن کے لیے فوری مذاکرات اور مؤثر سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے، اور کہا کہ:

"امریکی حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔"
انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی نازک صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے مشکل وقت میں ایران کے لیے پاکستانی حمایت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ٹیگز: