پاکستان میں عالمی وباء بے قابو، مزید 88 افراد کی جان لے لی

پاکستان میں عالمی وباء بے قابو، مزید 88 افراد کی جان لے لی

لاہور: پاکستان میں عالمی وباء بے قابو ، مہلک وائرس نے مزید 88 افراد کی جان لے لی ، اموات کی تعداد 20 ہزار 177 ہوگئی ۔ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار ، 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملک بھر میں 62 ہزار 238 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.43 فیصد رہی ۔ آج سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو گیا ۔ سندھ میں شناختی کارڈ رکھنے والا ہر شہری ویکسین لگوا سکتا ہے ۔دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ پروفیشنلز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز   کورونا مزید 102 جانیں نگل گیا جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 89  تک پہنچ گئی تھی  ۔  ملک بھر میں 3 ہزار 70 نئے کیسز رپورٹ جبکہ 51 ہزار 528 ٹیسٹ کیے گئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.95 فیصد رہی ، ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 460 سے تجاوز کر چکی ہے ۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی معیاد کو 15 جون تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں کو صرف رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو کسی بھی قام کا کاروبار کھولنے پر پابندی ہوگی ۔

اس کے علاوہ 24 مئی سے تمام ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کی بھی اجازت دیدی گئی ہے تاہم ڈائن ان پر پابندی برقرار رہے گی ۔

حکومت نے کورونا کے پیش نظر شادی کی انڈور تقریبات اور مارکیز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یکم جون سے آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کرنے کی اجازت ہوگی لیکن صرف 150 افراد کی گنجائش کیساتھ شرط رکھی گئی ہے ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں تمام پارکس بند رہیں گے لیکن ورزش اور جاگنگ کرنے والوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام مزاروں کی بندش بھی برقرار رہے گی ۔

حکومت کی جانب سے تمام سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فی الحال صرف 50 فیصد عملہ ہی دفاتر میں بلایا جائے ۔

ذرائع نقل وحمل کے بارے میں نوٹیفکیش میں کہا گیا ہے کہ صرف پچاس فیصد کیساتھ ٹرانسپورٹ چل سکے گی لیکن ہفتہ اور اتوار کے روز اس پر بھی پابندی ہوگی جبکہ ٹرین سروس ستر فیصد مسافروں کیساتھ چلے گی ۔

سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں ابھی تک کورونا کے خطرات برقرار ہیں اس لئے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے جبکہ ماسک کا استعمال بھی لازمی ہے ۔