نوازشریف کی وکٹ گرگئی اب زرداری کی باری ہے:عمران خان

نوازشریف کی وکٹ گرگئی اب زرداری کی باری ہے:عمران خان

سیہون شریف: عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور زرداری ایک ہی نام ہیں اورنوازشریف کی وکٹ گرگئی اب زرداری کی باری ہے۔

سیہون میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 2008 میں جب پرویز مشرف کا دورختم ہوا تو ہر پاکستانی پر35ہزار روپے قرضہ تھا لیکن 9 سال میں نواز شریف اور زرداری نے ملک کو مقروض کیا، آج پر ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20ہزار کا قرضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب کے مطابق ایک دن میں 12ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، کرپشن کی وجہ سے ہرچیز پرٹیکس لگایا جاتا ہے، اگر یہ کرپشن روک لیں تو ملک کو قرضہ نہ لینا پڑے گا اور ایف بی آر اور نیب کو جس دن ٹھیک کر لیا ملک چلانے کے لیے ہمارے پاس پیسہ ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ ملک میں غربت کی وجہ کرپشن ہے اور اقتدار میں آکر قوم کا پیسہ لوٹنے کو کرپشن کہتے ہیں۔ جب کہ کرپشن اورزرداری ایک ہی نام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بار بار ایک چیز سمجھا رہا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جب کہ کرپشن کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان سندھ کا ہوا اور جتنی غربت اندرون سندھ میں دیکھی ملک کے کسی خطے میں نہیں دیکھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا، مکان اور ایشین ٹائیگر کے نام پر ہمیں دھوکا دیا گیا لیکن اب ہم نے مل کر اس کرپٹ مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، نوازشریف کی وکٹ تو گرگئی اور اب زرداری کی باری ہے جب کہ کرپٹ کہنے پر زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے مجھ پر ایک ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔