ممبئی میں پاکستانی شہری کو مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا

ممبئی میں پاکستانی شہری کو مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا
کیپشن: image by facebook

ممبئی  : پاکستان میں خواتین کے حقوق اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں سلمان صوفی کو اتوار  کو بھارتی شہر ممبئی میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

سلمان صوفی نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں خواتین کو بہت سنگین مسائل کا سامنا ہے ، انہوں نے انسانیت کی بے پناہ خدمت کرنے والی مدر ٹریسا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ،  ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس ایوارڈ کے بعد پاکستان کی نو منتخب حکومت ان کے شروع کیے گئے منصوبوں کو آگے جاری رکھےگی۔

سلمان صوفی نے پاکستان کے صوبے پنجاب کی سابقہ حکومت کے دوران خواتین کی خود مختاری کے حوالے سے قانون سازی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے پنجاب میں خواتین سینٹرز بھی قائم کیے تھے ،  صوفی کی کوششوں سے جنوبی ایشیا کا سب سے پہلا اس طرح کا سینٹر ملتان میں قائم کیا گیا تھا۔

اس سینٹر میں متاثرہ خواتین کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام عملہ خواتین پر مشتمل تھا۔ اسی سینٹر میں متاثرہ خواتین کو رہائش کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔