بھارتی مذہبی رہنماکے گھرسے 550کروڑروپے اور قیمتی اشیاء برآمد

بھارتی مذہبی رہنماکے گھرسے 550کروڑروپے اور قیمتی اشیاء برآمد

ممبئی : بھارتی مذہبی رہنما کالکی بھگوان کے گھر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے چھاپے میں 550 کروڑ روپے نقد، درجنوں ہیرے، 188 کلو گرام سونا اور دیگر قیمتی اشیا برآمد کرلی گئیں۔

بھارتی خبر رساں ذرائع کے مطابق بھارت کے 70 سالہ وجے کمار نے 90 کی دہائی میں خود کو وشنو کالکی کا 10 واں اوتار قرار دیا تھا، وجے کمار ایک کلرک تھے اور انہوں نے 80 کی دہائی میں جیوا شرم کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا جہاں وہ اپنے بھگتوں کو متبادل تعلیم دیا کرتے تھے، 16 اکتوبر کو جیوا شرم کی 40 جائیدادوں سے سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا دائرہ کار وسیع ہوتا جارہا ہے۔

محکمہ انکم ٹیکس کے مطابق 16 اکتوبر کو کالکی بھگوان کے مختلف آشرموں کا سرچ آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران وہاں سے ڈھائی ملین امریکی ڈالر( بھارتی18 کروڑ روپے)، 88 کلوگرام سونے کے زیورات(مالیت 26 کروڑ بھارتی روپے)، 1271 قیراط ہیرے (مالیت 5 کروڑ بھارتی روپے)اور 500 کروڑ روپے بھارتی کرنسی برآمد کی گئی۔

بھارتی انکم ٹیکس حکام نے پیر کے روز کالکی بھگوان کے بیٹے کے وائٹ لوٹس گروپ کی چنائی، حیدر آباد، بنگلور، چتور اور کپام میں واقع جائیدادوں پر چھاپے مار کر 44 کروڑ بھارتی روپے نقدی ، 20 کروڑ روپے مالیت کے امریکی ڈالرز اور 90 کلوگرام سونا برآمد کرکے قبضے میں لے لیا۔