Get Alerts

وزیراعظم کی زیر صدارت سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی پر اعلیٰ سطحی اجلاس، قابل عمل منصوبوں پر فوری کام کی ہدایت

وزیراعظم کی زیر صدارت سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی پر اعلیٰ سطحی اجلاس، قابل عمل منصوبوں پر فوری کام کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھانے اور اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو بڑھانے کے لیے قابل عمل منصوبوں پر فوری کام شروع کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، سیاحت اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبے سرمایہ کاری کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں، اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاری لانے کے ساتھ ساتھ تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے وزارتوں کو ٹارگٹ دیے اور زیر تکمیل منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی مستقبل کے لیے ایک جامع روڈ میپ اور تبدیلی کے ایجنڈے کی تشکیل پر زور دیا تاکہ اہداف کی منظم تکمیل ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں میں نجی شعبے کا کردار کلیدی ہوگا اور ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ معاشی اصلاحات کی کامیابی کو ملک کی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

لندن سے زوم کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، علی پرویز ملک، محمد جہانزیب، جام کمال، عطا اللہ تارڑ اور احد خان چیمہ نے شرکت کی۔

ٹیگز: